ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ذرا پہلے مریض نے کی خود کشی

منگلورو: اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ذرا پہلے مریض نے کی خود کشی

Mon, 25 Sep 2017 21:01:31    S.O. News Service

منگلورو 25؍ستمبر (ایس او نیوز) ایک مریض نے اسپتال کے باتھ روم میں اس وقت خود کشی کرلی جبکہ چند ہی منٹوں میں وہ اسپتال سے ڈسچارج ہوکر اپنے گھر لوٹنے والا تھااور اسے اپنے ساتھ لے جانے کے لئے اس کی بیوی اور بھائی اسپتال میں ہی موجود تھے۔

تفصیل یہ بتائی جاتی ہے کہ پتور کے رہنے والا شریف(36سال) نامی ایک شخص پیروں کے درد کی شکایت کے ساتھ اسپتال میں داخل ہوا تھاجو کہ پیشے سے ڈرائیور تھا۔علاج کے بعد اس کو ڈسچارج کرنے کی کارروائی جاری تھی۔ اسپتال والوں کو اس نے بل تیار کرنے کے لئے کہا اور وہاں پر موجود اپنی بیوی اور بھائی کے لئے کھانے کا آرڈر بھی دیا۔ پھرضرورت سے فارغ ہونے کا کہہ کر جب وہ اسپتال کے کمرے میں موجودباتھ روم میں گھسا تو پھر باہر نہیں لوٹا۔ کافی دیر کے بعد اس کی بیوی نے اسپتال والوں کو یہ بات بتائی اورباتھ کا دروازہ کھٹکھٹانے پر کوئی جواب نہیں ملا تو اسپتال کے منیجر نے دروازے کا تالا تڑوایا ۔ اس وقت یہ دیکھ کر سب حیرت زدہ رہ گئے کہ باتھ روم کے شاور سے شریف کی لاش لٹک رہی تھی۔اس بات کی اطلاع دئے جانے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لیا اور وینلاک اسپتال بھیج کر اس کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد لاش وارثین کے حوالے کی گئی۔

گھر والے شریف کے اس طرح اچانک خودکشی کرلینے کی کوئی بھی وجہ بتا نے سے قاصر ہیں ۔ بس اتنا پتہ چلا ہے کہ شریف نے تین عورتوں سے شادی کررکھی تھی۔ اور جو بیوی اس کی خودکشی کے وقت اسپتال میں موجود تھی اس کا کہنا ہے کہ شریف کچھ دنوں سے بہت ہی زیادہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا۔ پولیس کے لئے بھی یہ ایک بڑا مسئلہ بن گیا تھاکہ شریف کی لاش کس بیوی کے حوالے کی جائے۔ کافی دیر تک اس پر غور کرنے کے بعد پولیس نے لاش کو شریف کے بھائی اور اس بیوی کے حوالے کیا جو کہ خود کشی کے وقت اسپتال میں موجود تھی۔


Share: